(ویب ڈیسک)امپورٹڈ گاڑیوں خریدنے والوں کے لئے بری خبر، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گاڑیوں کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح کو 100 فیصد کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے لگژری گاڑیوں کی درآمد پر عائد پابندی ہٹا دی۔ کہا کہ حکومت گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو بچانے کے لیے غیر ضروری درآمدات پر بھاری ٹیکس عائد کرے گی،ایف بی آر 1000سی سی سے زیادہ انجن والی گاڑیوں کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی 15 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دیا ہے۔
گاڑیوں کی قیمت میں 100 فیصد سے زائد اضافے کے نتیجے میں استعمال شدہ درآمدی گاڑیاں بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گئیں ہیں۔ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھنے سے 3سال پرانی 800 سی سی گاڑیوں پر کسٹم ڈیوٹی کی مجموعی مالیت 8 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر 20 لاکھ 14 ہزار روپے، 800 سے 1000 سی سی گاڑیوں پر 10 لاکھ 86 ہزار روپے سے بڑھ کر 24 لاکھ 15 ہزار روپے، 1000 سے 1300 سی سی تک کی گاڑیوں پر ڈیوٹی 26 لاکھ 96 ہزار سے بڑھ کر 56 لاکھ 36 ہزار روپے ہوگئی۔
1300 سے 1500 سی سی تک کی گاڑیوں پر ڈیوٹی کی مالیت 37 لاکھ 98 ہزار روپے سے بڑھ کر 79 لاکھ 37 ہزار روپے، 1500 سے 1600 سی سی تک کی گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی 45 لاکھ سے بڑھ کر 87 لاکھ روپے جبکہ 1600 سے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں پر ڈیوٹی کی مجموعی مالیت 55 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 8 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔