ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سکولوں کیلئے ایس او پیز تیار، بغیر ماسک طلبا کا داخلہ بند

سکولوں کیلئے ایس او پیز تیار، بغیر ماسک طلبا کا داخلہ بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال (جنید ریاض) صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ سکول کھولنے سے پہلے اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، ماسک کے بغیرآنیوالے بچے کو سکول داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، ماسک بچہ گھر سے پہن کر آئے گا۔

وحدت روڈ قائداعظم اکیڈمی ترقی و تعلیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہاکہ سرکاری ونجی سکولز میں بچوں کے آنے کیلئے ماسک پہنا لازمی ہوگا، ماسک گھر سے لیکر آنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سکول اوپن ہونے سے تین دن قبل اساتذہ کا ٹیسٹ لازمی ہوگا، ماسک اور کورونا سے متعلق دیگر سامان کی خریداری کیلئے 7ارب چاہیے جوحکومت خرچ نہیں کرسکتی، کسی نجی سکول کو ماسک اور دیگر سامان بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی، نرسری سے چوتھی جماعت کے بچوں کو پہلے مرحلے میں سکول نہ بلانے کی تجویز زیر غور ہے، حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہوگا۔

مراد راس کا کہنا تھاکہ انتظامی بنیادوں پر اساتذہ کے تبادلے کر کے انہیں ایسے سکولوں میں بھیج دیا گیا ہے جہاں اساتذہ کی کمی تھی، یہ تبادلے کسی صورت واپس نہیں ہونگے۔

پریس کانفرنس میں مرادراس نے اساتذہ کو آسان اقساط پر گھروں کی فراہمی سمیت نجی سکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت برقرار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اساتذہ کے سرکاری خرچ پر ٹیسٹ نہ کروائے تو اساتذہ سکولوں میں داخل نہیں ہوں گے بلکہ گیٹ پر ہی دھرنا دینگے۔

  پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اپنی جیب سے کورونا ٹیسٹ نہیں کروائیں گے، حکومت سرکاری سطح پر اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین دن میں 15 لاکھ سرکاری و پرائیویٹ اساتذہ وملازمین کے کورونا ٹیسٹ ہونا ناممکن ہیں، حکومت 5 ماہ میں بمشکل تقریباً 8 لاکھ ٹیسٹ کر پائی ہے، صوبائی وزیر تعلیم زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کریں۔رانا لیاقت علی نے انتظامی امور کے تحت کئے جانے والے تبادلہ جات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری سکولوں میں کم از کم 6 اساتذہ، مڈل اور ہائی سکول میں 40 طلبا پر سیکشن، اور دو سیکشن پر تین اساتذہ تعینات کیے جائیں۔

دریں اثناء پنجاب گورنمنٹ سکولز آئی ٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ وزیر تعلیم کا اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کروا کر سکول جانے کا بیان مضحکہ خیز ہے۔

صدر پیکٹ پنجاب کاشف شہزاد چودھر ی نے کہاکہ پونے 4 لاکھ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے فوری کورونا ٹیسٹ کیسے ممکن ہیں؟ 2 لاکھ سرکاری سکولوں کے ملازمین اساتذہ کے علاوہ ہیں،7 لاکھ پرائیوٹ سکولوں کے اساتذہ ہیں، سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں سے کورونا فنڈ کاٹا گیا، حکومت نے ٹیسٹ کرانے ہیں تو اس میں سے کروائے۔

کاشف شہزاد نے کہا کہ طلبا اور اساتذہ کو ماسک بھی حکومت فراہم کرے،وزیر تعلیم اساتذہ کی پریشانیاں دن بدن بڑھا رہے ہیں, پیکٹ پنجاب 9 ستمبر کو وزیراعلیٰ کے دفتر کے سامنے دھرنا دے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer