ویب ڈیسک: ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک سخت اور واضح بیان میں کہا ہے کہ ملک کسی بھی بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ہر سطح پر دفاعی صلاحیتیں فعال ہیں۔ بیان میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر سخت مؤقف اپنایا گیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق ایران زمین، فضا یا کسی بھی سمت سے ہونے والی دشمن کی نقل و حرکت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان میں امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسے زمینی حقائق کو تسلیم کرنا چاہیے اور غلط فہمیوں سے گریز کرنا چاہیے۔
ایرانی فوجی قیادت نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو اسرائیلی قیادت، خصوصاً نیتن یاہو کے اثر میں نہیں آنا چاہیے، اور کسی بھی امریکی یا اسرائیلی جارحیت کا پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔ بیان میں آبنائے ہرمز کو ایران کے لیے انتہائی اسٹریٹجک اور اہم قرار دیا گیا۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک اسرائیلی جاسوس اور 15 مبینہ کرائے کے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن پر حساس معلومات اکٹھی کرنے کا الزام ہے۔
ادھر ایران کے شہر کرمان شاہ میں فضائی دفاعی نظام کی سرگرمیوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، تاہم حکام کی جانب سے فوری طور پر اس کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔