سٹی42: بچوں کے لیے خوشخبری! محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے میں شدید گرمی کے باعث اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم جون سے تمام تعلیمی ادارے تعطیلات پر چلے جائیں گے۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر وٹو نے میڈیا کو بتایا کہ اگر موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہوا تو چھٹیوں کے موجودہ شیڈول پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے اور ممکنہ طور پر تعطیلات ایک ہفتہ قبل یعنی مئی کے آخری ہفتے میں ہی دے دی جائیں گی۔ یہ فیصلہ والدین، طلبہ اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ شدید گرمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں پاکستان بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔ گلوبل وارمنگ کے باعث ملک میں موسم کے معمولات شدید متاثر ہو رہے ہیں اور قدرتی آفات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سب سے زیادہ تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ سال بہ سال گرمی کی شدت میں اضافے کے اثرات تعلیم، صحت اور معیشت پر بھی گہرے مرتب ہو رہے ہیں۔
والدین اور طلبہ نے موسم گرما کی تعطیلات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شدید موسم کے دوران بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔