(ملک اشرف)شہر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کردی گئی ہے، لاک ڈاؤن کے دوران وکلاء کی عدالتوں میں حاضری مزید کم کرنے کے حوالے سے ایک اور بڑا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان سمیت دیگر عدالتوں میں وڈیو لنک کے ذریعے کل 27 اپریل سے مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوگا۔چیف جسٹس محمد قاسم خان کی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں ۔ لاہور سمیت دیگر اضلاع کے وکلاء ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکیں گے ۔اس سے دور دراز سے آنے والے وکلاء کے لئے کورونا بچاو کے ساتھ ساتھ ساتھ وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی ۔
کورونا بچاو کی احتیاطی تدابیر کے تحت کیسز کی سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء اور فریقین کو پہلے ہی حاضری سے اسثنؑیٰ دیا جاچکا ہے۔وکلاء کے تحریری دلائل بذریعہ ڈاک اور ای میلز عدالت کو بھجوائے کی سہولت پہلے ہی دی جاچکی ہے۔وکلاء ضمانت بعد از گرفتاری، سزا معطلی، حبس بے جا اور ریگولر کیسز میں تحریری دلائل جمع کرواسکتے ہیں۔سرکاری وکلاء بھی اب گھر یا دفتر سے تحریری دلائل ہائیکورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو بھجواسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے احکامات جاری کئے تھے کہ لاک ڈاؤن کے دوران درخواست ضمانتوں میں وکلاء یا فریقین کی عدالت میں موجودگی ضروری نہیں ہوگی، وکلاء عدالتوں میں پیش ہونے کی بجائے اپنے کیس سے متعلق موقف بذریعہ ڈاک یا ای میل ہائیکورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کوبھجواسکیں گے، وکلاء کے کیسز کے متعلق جوابات وصول کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں ڈراپ باکس بھی رکھے جائیں گے۔
وکلاء کے موصول شدہ موقف متعلقہ فائل پر لگا دیئے جائیں گے اور متعلقہ عدالتیں فائل سے وکلاء کے موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے خود فیصلہ کرسکیں گی۔چیف جسٹس کے کورونا وائرس سے بچاؤکے اقدامات اور کیسز کی سماعت پر وکلاء اور سائلین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بروقت انصاف کی فراہمی کے لئے خوش آئند قرار دیا ۔