سٹی42: موسم نے نئی کروٹ لی اور پنجاب میں بھی سردی کا آغاز ہو گیا۔ پاکستان کے بلند پہاڑی علاقوں میں اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں رات کے وقت ٹمپریچر گر کر منفی ہونے کا سلسلہ پہلے سے جاری ہے۔ اب پنجاب اور سندھ میں بھی سردی بڑھ گئی ہے۔
آج سکردو میں ٹمپریچر منفی 10 ، لہہ میں منفی 09، گلگت میں منفی 06،کوئٹہ میں منفی 04،زیارت، قلات،بابوسر ،گوپس ،استور میں منفی 03 ، بگروٹ اور دیرمیں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
کل پیر اور منگل کی درمیانی رات لاہور اور پنجاب کے دوسرے علاقوں میں موسم گزشتہ دنوں کی نسبت نمایاں طور پر سرد ہو گیا، آج دن کے دوران دھوپ چمکتی رہی لیکن رات کو موسم ایک بار پھر سرد ہونے کا امکان ہے۔
لاہور میں آج رات ٹمپریچر 9 ڈگری تک گر جائے گا اور کل دن کے دوران زیادہ سے زیادہ گرمی 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گی جو معتدل موسم ہو گا۔ صبح اور شام کو فضا میں خنکی نمایاں محسوس کی جائے گی۔
میٹ ڈیپارٹمنٹ کہہ رہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہے گا اور پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سردرہنے کا امکان ہے۔ میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونحواکےمیدانی علاقوں میں آج رات دھند آنے کا امکان ہے ۔
بدھ کے روز موسم کی صورتحال
اسلام آباد: اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرداورخشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا: صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح / رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ۔ پشاور،صوابی،مردان،ڈی آئی خان اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند آنے کا امکان ہے۔
پنجاب: صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے ۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج رات دھند پڑے گی۔
سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان ، بہاولپور اور گردونواح میں صبح اوررات کےوقت دھند پڑنے کا امکان ہے ۔
سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم سرداورخشک جبکہ شمالی اضلاع میں صبح / رات کے وقت زیادہ سرد رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرداورخشک جبکہ صبح / رات کو زیادہ سرد رہے گا۔