ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پنجاب میں ٹیکس نظام میں بڑی تبدیلی کی تیاری

 پنجاب میں ٹیکس نظام میں بڑی تبدیلی کی تیاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے:  پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹیکس نظام کو ہم آہنگ اور مؤثر بنانے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے مختلف محکموں کے درمیان ٹیکس کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں لینڈ ٹیکسز فورم کے قیام کی باضابطہ تجویز پیش کر دی گئی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق نیا فورم وزیرِاعلیٰ کمیٹی آن ریسورس موبلائزیشن کے ماتحت کام کرے گا جبکہ اس میں بورڈ آف ریونیو کے سینیئر ممبر سمیت متعدد اہم محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ فنانس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، آبپاشی اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندے بھی فورم کا حصہ ہوں گے۔

حکام کے مطابق اس سے قبل پنجاب میں ٹیکس پالیسی سازی اور مربوط حکمتِ عملی کے لیے کوئی مشترکہ پلیٹ فارم موجود نہیں تھا، جس کے باعث مختلف محکموں کے درمیان بے ربطی، دہرے کام اور مؤثر رابطے کے فقدان سے ٹیکس نظام متاثر ہو رہا تھا،ڈیٹا کے غیر مؤثر استعمال کے باعث صوبائی ریونیو کو بھی نقصان پہنچ رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ ٹیکسز فورم کے قیام سے محکموں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ، نگرانی اور پالیسی ہم آہنگی بہتر ہو گی، جبکہ ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت میں اضافہ اور کمپلائنس میں بہتری متوقع ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ نئے فورم کے ذریعے ٹیکس انتظامی اصلاحات کی رفتار تیز ہوگی اور پنجاب میں ٹیکس سے متعلق ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کی امید ہے۔