ویب ڈیسک:عیدالاضحیٰ پر اگر آپ کچھ منفرد، خستہ اور لذیذ بنانے کا سوچ رہے ہیں تو ’’فرائیڈ مٹن پارچے‘‘ ایک بہترین انتخاب ہیں۔
ترکیب:
مصالحے میں اچھی طرح رچے بسے نرم گوشت کو سنہری انداز میں فرائی کرکے تیار کی جانے والی یہ ڈش نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہوتی ہے بلکہ مہمانوں کی توجہ بھی فوراً حاصل کر لیتی ہے۔
اس مزیدار ڈش کیلئے ایک کلو بغیر ہڈی کا بکرے کا گوشت، نمک حسبِ ذائقہ، ایک بڑا چمچ لہسن کا پیسٹ، ایک چھوٹا چمچ چائنیز نمک، ایک بڑا چمچ کالی مرچ، ایک چھوٹا چمچ سفید مرچ، ایک چھوٹا چمچ چاٹ مصالحہ، آدھی پیالی لیموں کا رس، دو درمیانی پیاز، آدھی پیالی دہی، دو انڈے، بریڈ کرمز اور فرائی کیلئے تیل درکار ہوگا۔
ترکیب کے مطابق سب سے پہلے گوشت کو اچھی طرح دھو کر تقریباً 10 سے 15 منٹ کیلئے فریزر میں رکھ دیں تاکہ اسے آسانی سے کاٹا جا سکے۔ اس کے بعد گوشت کے درمیانے سائز کے پارچے تیار کرلیں۔ ایک پیالے میں نمک، چاٹ مصالحہ، لیموں کا رس، آدھا لہسن کا پیسٹ، کالی مرچ اور سفید مرچ شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور اس آمیزے سے گوشت کو میرینیٹ کرکے کچھ دیر کیلئے فریج میں رکھ دیں۔
اب فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل گرم کرکے پیاز کو ہلکا نرم ہونے تک فرائی کریں، پھر باقی لہسن، نمک، کالی مرچ اور سفید مرچ ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد دہی شامل کریں اور مصالحہ اس وقت تک پکائیں جب تک دہی کا پانی خشک نہ ہو جائے۔ اب میرینیٹ کیا ہوا گوشت شامل کرکے ڈھانپ دیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں تاکہ گوشت اچھی طرح گل جائے۔
جب گوشت نرم ہو جائے اور تیل الگ نظر آنے لگے تو چولہا بند کردیں۔ گوشت ٹھنڈا ہونے پر اسے پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبوئیں اور بریڈ کرمز میں اچھی طرح لپیٹ لیں۔ آخر میں گرم تیل میں سنہری رنگ آنے تک فرائی کرلیں۔
مزیدار اور کرسپی ’’فرائیڈ مٹن پارچے‘‘ تیار ہیں، انہیں پودینے کی چٹنی یا سلاد کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔