ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان ہمیشہ زندہ باد

تحریر: سفیر رضا چغتائی

پاکستان ہمیشہ زندہ باد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 وقت گواہ ہے، تاریخ شاہد ہے اور آنے والی نسلیں گواہی دیں گی کہ جب دشمن نے وطن عزیز کی سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا  تو افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیانِ مرصوص کے ذریعے ایسا دندان شکن جواب دیا کہ نہ صرف دشمن کی عسکری صلاحیت خاک میں ملی  بلکہ اس کا سفارتی و سیاسی غرور بھی پاش پاش ہو گیا۔

 یہ محض ایک جنگی کارروائی نہ تھی  بلکہ ملت اسلامیہ کے ایک عظیم قلعے کی نظریاتی بنیادوں کا اعلان تھا، دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان محض ایک دفاعی ریاست نہیں  بلکہ ایک زندہ، بیدار، باشعور اور نظریاتی مملکت ہے، جو دشمن کے ہر محاذ پر، ہر چال کا جواب دینے کی کامل صلاحیت رکھتی ہے،یہ سب کچھ اس مردِ مومن کی قیادت میں ممکن ہوا  جسے قوم فخر سیسپہ سالار پاکستان فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے نام سے جانتی ہے۔ ان کی سربراہی میں نہ صرف عسکری محاذ پر دشمن کو شکست ہوئی  بلکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان کا بیانیہ دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا، ان کی قیادت میں قوم نے سیکھا کہ حکمت، صبر اور دانشمندی ہی وہ ہتھیار ہیں جن سے بڑی سے بڑی طاقت بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جاتی ہے،مودی سرکار، جو برصغیر میں جنگی جنون کی آگ بھڑکانے میں پیش پیش رہی  جس نے اپنی سیاست کا محور پاکستان دشمنی کو بنایا  وہ آج عالمی برادری کے سامنے رسوا ہو چکی ہے، بھارت کا جھوٹا بیانیہ، اس کا عسکری فریب، اور اس کی سیاسی چالاکیاں سب دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہیں،دشمن کا خواب تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کیا جائے  لیکن آپریشن بنیانِ مرصوص نے اُسے اس کے خوابوں سمیت چکنا چور کر دیا،اس تاریخی کارروائی کا سب سے اہم اور قابلِ ذکر پہلو یہ تھا کہ اس کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر پوری دنیا کے سامنے تازہ ہو کر ابھرا   جو صدائیں کشمیر کی وادیوں سے برسوں سے اٹھ رہی تھیں وہ اب عالمی ایوانوں تک جا پہنچی ہیں، دنیا نے دیکھا کہ مقبوضہ وادی میں ظالم کے خلاف نفرت کی چنگاریاں کس طرح فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں شعلوں میں بدل گئیں،  بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اُن کے پوسٹرز کا آویزاں ہونا اس بات کی علامت ہے کہ کشمیری ہمیشہ کی طرح آج بھی پاکستان کو اپنا نجات دہندہ مانتے ہیں۔

 ہم سمجھتے ہیں کہ آپریشن بنیان مرصوص محض عسکری کامیابی ہی نہیں بلکہ یہ قومی وقار کی فتح ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو غیر معمولی پذیرائی ملی، چین، ترکی،آزربائیجان اور دیگر ممالک نے پاکستان کے دفاعی مؤقف کی بھرپور حمایت کی، اقوام متحدہ میں پاکستان کا بیانیہ سنا گیا اور مغربی میڈیا نے بھی بھارت کی جنگی اشتعال انگیزی کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستان کی تحمل اور دانشمندانہ قیادت کو سراہا،یہ سب کچھ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اب دنیا کی نظروں میں ایک ذمہ دار اور قابل اعتماد ریاست کے طور پر ابھر چکا ہے،اس عظیم کامیابی پر کشمیری عوام کا ردعمل غیر معمولی طور پر جذباتی، والہانہ اور دل کو چھو لینے والا تھا،آزاد کشمیر کے عوام نے پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالیں، نوجوانوں نے گلیوں میں نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے  اور عورتوں، بچوں اور بزرگوں نے پاک فوج کے جوانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

 خاص طور پر لائن آف کنٹرول پر جو مناظر دیکھنے میں آئے، وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں، ماؤں نے اپنی دعاؤں کے نذرانے، بچوں نے پرچموں سے سجی تصویریں، اور نوجوانوں نے محبت بھری آنکھوں سے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا،یہ مناظر دنیا بھر میں نشر ہوئے اور کشمیر سے لے کر بین الاقوامی برادری تک ایک ہی پیغام پہنچا‘ پاکستان ہمیشہ زندہ  بادہے اور پاک فوج اس کی پہچان ہے،ہر زباں پہ ہے کہ پاک فوج نے نہ صرف سرحدوں کا دفاع کیا، بلکہ دل بھی جیت لیے ہیں، قوم نے جان لیا ہے کہ اس کی فوج صرف بندوقوں پر نہیں، بلکہ نظریہ وعقیدہ اور سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں ترتیب دی گئی حکمت عملی پر یقین رکھتی ہے، یہ وہ لمحہ تھا جب پاکستان نے دنیا کو بتایا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے،  لیکن ا گر ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا جائے تو ہم ہر قیمت پر اپنی  پاک سرزمین  کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔آج دشمن حیرت میں ڈوبا ہوا ہے اور دنیا فخر سے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

 یہ سب اس قیادت کا ثمر ہے جس نے اپنی پاک فوج کو جدید خطوط پر استوار اور مشکل ترین مرحلہ میں منظم کیاجس نے خلوص، دیانت، تقویٰ اور حبِ الوطنی کو اپنی ترجیحات میں رکھا اور ببانگ دھل یہ نعرہ مستانہ لگایا کہ ”پاکستان ہمیشہ زندہ باد“ ہے، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر وہ سپہ سالار ہیں جن کی قیادت نے نہ صرف دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا  بلکہ قوم کو اتحاد، یگانگت ااور اعتمادبھی عطا کیا۔

 ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کامیابی مملکت خداداد پاکستان کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہے، ایک ایسا دور جس میں پاکستان صرف ایٹمی طاقت کے طور پر نہیں، بلکہ نظریاتی اور اخلاقی برتری کے ساتھ دنیا کے سامنے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھرا ہے۔ آنے والا وقت گواہی دے گا کہ آپریشن بنیانِ مرصوص وہ سنگِ میل تھا، جس نے پاکستان کو تاریخ کے ایک نئے باب میں داخل کیا۔قوم کو آج اپنی فوج پر، اپنے سپہ سالار پر، اور اپنے نظریے پر فخر ہے  اور یہ فخر، یہ اعتماد، یہ سربلندی پاکستان کی روح میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔پاکستان ہمیشہ زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد!