ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

برڈفلو نے ہلچل مچا دی،6 روز میں4400 مرغیوں کی موت

برڈفلو نے ہلچل مچا دی،6 روز میں4400 مرغیوں کی موت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ کے بلاسپور ضلع میں سرکاری مرغی فارم میں برڈ فلو (ایویئن انفلوئنزا) کے پھیلاؤ سے ہلچل مچ گئی ہے۔بلاسپور ضلع کے کونی علاقہ میں واقع فارم میں گزشتہ 6 دنوں میں4400 مرغیاں ہلاک ہو چکی ہیں۔ انتظامیہ نے معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پورے علاقے میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور احتیاطاً 10 کلومیٹر کے دائرے کو نگرانی زون قرار دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مردہ مرغیوں کے نمونے بھوپال اور پونے کی لیبارٹیوں میں بھیجے گئے تھے، جہاں بھوپال کی لیب نے ’ایویئن انفلوئنزا‘ کی تصدیق کر دی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر روک تھام کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔افسران کے مطابق فارم میں مجموعی طور پر 5037 مرغیاں تھی، جن میں سے 19 مارچ سے 24 مارچ کے درمیان بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔ضلع کلکٹر نے ’ترمیم شدہ ایکشن پلان 2021‘ کے تحت سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے فارم کے ایک کلومیٹر دائرے کو ’متاثرہ علاقہ‘ اور 10 کلومیٹر دائرے کو ’نگرانی کا علاقہ‘ قرار دیا ہے۔ متاثرہ علاقہ میں مرغیوں، انڈوں اور پولٹری فیڈ کو تلف کرنے کے ساتھ ان کی نقل و حمل پر مکمل طور سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پروٹوکول کے تحت متاثرہ علاقہ میں تمام پرندوں کو مار کر محفوظ طریقے سے تلف کیا جا رہا ہے اور بعد میں فارم کو مکمل طور سے سیل کر دیا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ریپڈ رسپانس ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سینٹائزیشن اور نگرانی کر رہی ہیں۔ انتظامیہ نے ریونیو، پولیس اور پنچایت کے محکموں کے ساتھ ملکر کڑی نگرانی نافذ کر دی ہے۔ فارم میں کام کرنے والے ملازمین کی صحت کی مسلسل جانچ کی جا رہی ہے اور علامات پائے جانے پر اینٹی وائرل ادویات دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ فی الحال ضلع میں انسانوں میں انفیکشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔