اپوزیشن کو دوسرا سرپرائز 27 مارچ کو ملے گا، فواد چودھری کا دعویٰ

اپوزیشن کو دوسرا سرپرائز 27 مارچ کو ملے گا، فواد چودھری کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر فواد  چودھری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو ایک سرپرائز آج ملا، دوسرا 27 مارچ کو ملے گا، اگلے 48 گھنٹے میں اتحادیوں کی طرف سے اعلان ہونے کا امکان ہے۔

 قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد وفاقی وزیر فواد  چودھری  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  اپوزیشن اور حکومت متفق تھے کہ  معاملہ آئین اور قانون کے مطابق چلے گا، ابھی تو سرپرائز آنا باقی ہیں، آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا،  وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ آخری پتہ ہم نے کھیلنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا خیال تھا کہ عمران خان کو گرا دیں گے انہیں ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا، حکومت گرانا اتنا آسان نہیں،  لاکھوں لوگ جب نکلتے ہیں تو اس کا اثر ہی کچھ اور ہوتا ہے۔

واضح  رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائے جانے کے بعد قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس وفات پا جانے والے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے لیے دعائے مغفرت کے بعد ملتوی کر دیا گیا، اب قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا  تھا جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد شامل کی گئی تھی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کیخلاف جمع کروائی گئی تحریک پر 147 ارکان کے دستخط ہیں،عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، اس لیے انھیں عہدے سے برخاست کردیا جائے۔