ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

9 محرم الحرام: آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

9 محرم الحرام: آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فاران یامین:آئی جی پنجاب عبدالکریم کی جانب سے 9 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار محرم سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ آج 9 محرم کے موقع پر 70 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار خصوصی سکیورٹی پر مامور ہیں۔

صوبے بھر میں آج1697 عزاداری جلوس برآمد ہوں گےا ور 3869 مجالس منعقد کی جائیں گی  جن  میں اے کیٹیگری کے 208 جلوس اور 337 مجالس شامل ہیں،لاہور میں آج 81 عزاداری جلوس اور 386 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن میں اے کیٹیگری کے 26 جلوس اور 46 مجالس شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی لیڈرز، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 9 محرم کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے علما کرام اور کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

پولیس حکام کے مطابق آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز خود سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، چھتوں پر سنائپرز اور جلوسوں کے ساتھ سادہ لباس میں کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ صوبائی وزرا، علما کرام، آرمڈ فورسز، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بزرگ شہریوں، خواتین اور مخصوص اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی برقرار رہے گی۔