روزینہ علی: ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک بارشوں سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 97 ہو گئی ہے، جبکہ 297 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 43 بچے، 33 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔
صوبوں کے لحاظ سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 52 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ پنجاب میں 29، آزاد کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
زخمیوں کی تعداد پنجاب میں 203، خیبرپختونخوا میں 75، بلوچستان میں 15 جبکہ آزاد کشمیر اور سندھ میں 2، 2 ریکارڈ کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے اب تک 447 گھروں کو نقصان پہنچا، 269 مویشی ہلاک ہوئے، جبکہ 6 پل اور 9 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔