ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جرمنی میں ڈوبنے والے پاکستانی طالب علم اسید مرزا کی میت آئندہ ہفتے وطن پہنچنے کا امکان

جرمنی میں ڈوبنے والے پاکستانی طالب علم اسید مرزا کی میت آئندہ ہفتے وطن پہنچنے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

انور عباس: جرمنی کی ریاست برانڈن برگ میں جھیل میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے کراچی سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ پاکستانی طالب علم اسید مرزا کی میت کی وطن واپسی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ قانونی کارروائی آخری مراحل میں ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اسید مرزا کی میت آئندہ ہفتے پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ پاکستانی سفارت خانہ برلن میت کی وطن واپسی کے لیے تمام قانونی مراحل مکمل کرنے میں مرحوم کے اہل خانہ کی معاونت کر رہا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کے مطابق اسید مرزا 13 جولائی کو جرمن ریاست برانڈن برگ کی جھیل وربیلِن زے میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے تھے، جبکہ ان کی میت 17 جولائی کو جرمن حکام کی کوششوں سے برآمد ہوئی۔ بعد ازاں 22 جولائی کو ان کی باقاعدہ شناخت کا عمل مکمل کیا گیا، جبکہ گزشتہ جمعہ کو برلن میں ان کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

سفارت خانے نے بتایا کہ افسوسناک واقعے کے بعد جرمن وفاقی وزارت خارجہ، برانڈن برگ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا تاکہ تلاش، شناخت اور میت کی پاکستان منتقلی کے تمام مراحل بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ سفارت خانے نے جرمن حکام کی پیشہ ورانہ مہارت، ہمدردی اور تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستانی سفارت خانے نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر ممکن قونصلر معاونت فراہم کی گئی۔ ساتھ ہی جرمنی میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ جھیلوں، دریاؤں اور دیگر قدرتی آبی ذخائر میں نہاتے یا تفریحی سرگرمیوں کے دوران انتہائی احتیاط برتیں، مقامی حفاظتی ہدایات اور انتباہی علامات پر عمل کریں اور غیر محفوظ حالات میں پانی میں داخل ہونے سے گریز کریں۔