عابد باکسر کی ایک مرتبہ پھر دھواں دھار انٹری

 عابد باکسر کی ایک مرتبہ پھر دھواں دھار انٹری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وسیم احمد) ان کاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کی پاکستان باکسنگ میں ایک مرتبہ پھر دھواں دھار انٹری، عابد باکسر کو لاہور ڈویژن باکسنگ کا چیئرمین بنا دیا گیا۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے انتخابات کا سلسلہ جاری ہے جس کے پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی باڈیز کا انتخاب کیا گیا ہے دوسرے مرحلے میں صوبائی اور تیسرے مرحلے میں فیڈریشن کے انتخابات منعقد ہوں گے۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ان کاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر لاہور ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین بن گئے ہیں۔

عابد باکسر آئندہ ماہ پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر کا الیکشن لڑیں گے۔ ماضی کے معروف باکسر اور پولیس کے دبنگ افیسر عابد باکسر کہتے ہیں باکسنگ نے مجھے عزت دی اور پولیس میں انٹری دلوائی تھی اب وقت ہے کہ اپنی گیم کے ذریعے ملک کی خدمت کروں۔

واضح رہے عابد باکسر پر جعلی مقابلوں میں اپنے سرپرستوں کے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری پر بھی اپنی دھاک جمائے رکھنے کا الزام رہا ہے، جس کے بعد لاہور کی شوبز انڈسٹری کے کئی بڑے نام عابد باکسر کی دوستوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔

لاہور کی معروف اسٹیج ڈانسر نرگس بھی عابد باکسر کے دوستوں میں شامل ہوئی تھیں، ابتداء میں عابد باکسر اور نرگس کے درمیان دوستی تھی، مگر پھر کسی بات پر اختلافات ہوئے تو کہا جاتا ہے کہ اس نے اداکارہ نرگس کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، حتیٰ کے سر کے بال اور بھنویں تیز دھار آلے سے صاف کردیں، جس کا مقدمہ جوہر ٹائون تھانے میں عابد باکسر اور ساتھیوں کے خلاف 28 مارچ 2002 کو درج ہوا۔ اس واقعے کے بعد نرگس پر تشدد کے بعد عابد باکسر فلم انڈسٹری کے لیے ایک ڈان کی حیثیت اختیار کر گیا اور انڈسٹری میں کوئی بھی عابد باکسر کے خلاف بولنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer