(سٹی 42) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا سول سیکرٹریٹ کنٹرول روم کا دورہ، الیکشن کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
الیکشن کے حوالے سے پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے نگران وزیر اعلیٰ نے کنٹرول روم کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر چیف سیکرٹری اکبر حسین درانی اور آئی جی پنجاب سید کلیم امام بھی ان کے ہمراہ تھے، افسران نے انہیں مانیٹرنگ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی، ڈاکٹر حسن عسکری نے کنٹرول روم میں کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آج پاکستان میں عام انتخابات کا دنگل سج گیا جس کے لئےلاہور سمیت ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے، اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔سیاستدانوں سمیت تمام پاکستانی آج اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔