ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت نے تیسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کو پچھاڑ دیا

بھارت نے تیسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کو پچھاڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کی خطرناک بولنگ کی بدولت بھارت نے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 153 رنز کے اسکور پر روک دیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے ابھیشیک شرما کی طوفانی بیٹنگ کے سہارے صرف 10 اوورز میں ہی میچ اپنے نام کر لیا اور سیریز میں 3-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم نے دھماکہ خیز انداز میں نیوزی لینڈ کے خلاف5 میچوں کی ٹی20 سیریز اپنے نام کر لی ہے،مسلسل دو میچ جیت کر گوہاٹی پہنچنے والی انڈین ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ جسپریت بمراہ کی خطرناک بولنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو 153 رنز کے اسکور پر روک دیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف مسلسل دو میچ ہارنے کے بعد “کرو یا مرو” کے مقابلے میں اتری تھی۔

ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے پر مجبور اس ٹیم کو پہلے ہی اوور میں ہرشیت رانا نے بڑا جھٹکا دیا۔ ہاردیک پانڈیا کے شاندار کیچ کی بدولت بھارت کو زبردست آغاز ملا۔ دو رنز پر پہلا وکٹ گنوانے کے بعد ہاردیک نے اگلے ہی اوور میں گیند بازی سے ایک اور جھٹکا دیا۔ 112 رنز کے اسکور پر ٹیم کے پانچ وکٹ گر چکے تھے۔ گلین فلپس نے 48 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی روی بشنوئی کا شکار بن گئے۔ نو وکٹوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کی ٹیم بڑی مشکل سے 153 رنز تک پہنچ پائی۔

بھارتی ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف محض 14 گیندوں پر شاندار نصف سنچری بنا ڈالی ۔ اس دھواں دھار اننگز کی بدولت بھارتی ٹیم نے پاور پلے میں 94 رنز بنا ڈالے، جو ٹی20 میچ میں بھارت کا پہلے 6 اوورز میں سب سے بڑا اسکور ہے۔کپتان سوریہ کمار یادو نے بھی نوجوان اوپنر کا بھرپور ساتھ دیا اور بھارت نے شاندار انداز میں فتح حاصل کر کے سیریز میں ناقابلِ شکست برتری قائم کر لی۔