ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ فواد چوہدری کو پولیس کی جانب سے اپنے گھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔
اپنی ایک اور ٹوئٹ میں رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے دو ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چوہدری کو گرفتار کرکے لے جارہی ہیں۔دوسری جانب اہم پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو فی الحال لاہور میں ہی نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے تاہم کچھ دیر میں انہیں اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023
واضح رہے کہ کچھ گھنٹے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پولیس کو چیلینج کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پولیس کو دعوت دیتاہوں ہمت ہے تو عمران خان کو گرفتارکرے۔
پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چوہدری کو گرفتار کرکے لے جارہی ہے pic.twitter.com/CJXiAHO3fQ
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023
انہوں نے کہا تھا کہ اطلاع آئی ہے کہ پولیس کا عمران خان کو گرفتارکرنے کا پلان ہے، عمران خان پر نہ کوئی مقدمہ ہے،نہ کوئی ماحول ہے، پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری شرافت کو کمزوری سمجھا تو یہ آپ کی بھول ہوگی، پورے پاکستان میں احتجاج ہوگا، تمام شہروں کو لاک ڈاؤن کریں گے۔