عمر اسلم: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بار گواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں جبکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان میں کرپشن میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا انتہائی افسوسناک ہے اور دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں خاطر خاہ کمی آئی تھی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گڈ گورننس، شفافیت اور قانونی اصلاحات سے پاکستان کی کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی، افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی۔ ن لیگ کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوکر 117 پر آگئی تھی، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا۔ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2019 سے 2021 تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کااثر نیچے نظر آتا ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو۔ ای آئی یو کا 40 فیصد اور ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد پاکستان کے سکور کو کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فرد جرم ہے۔