جنید ریاض:وفاقی اور صوبائی تعلیم حکام نے سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے جامع ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ ہدایات بھکر واقعہ کے بعد اسکولوں میں حفاظت کو مزید سخت کرنے کے لیے دی گئی ہیں۔
تمام اضلاع کے سی ای اوز اور ڈی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکولوں میں سکیورٹی ایس او پیز پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں ،سکولوں میں وزیٹر انٹری اور ایگزٹ کی سخت مانیٹرنگ لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ سکیورٹی گارڈز اور عملہ اسکول کے اوقات میں ہائی الرٹ رہیں۔
سکیورٹی میں بہتری کے لیے پولیس اور مقامی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری رپورٹنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے، سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹر اور پینک بٹن لگانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
سکول حدود کے گرد باڑ اور 8 فٹ دیوار کو یقینی بنانے ہدایت دی گئی اور مرکزی گیٹ کے استعمال کے ساتھ موومنٹ رجسٹر برقرار رکھنےکاحکم دیا گیا۔ طلبہ کے مرحلہ وار اخراج اور ایمرجنسی ڈرلز کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید براں، سول ڈیفنس کے تعاون سے سکیورٹی ٹریننگ اور موک ایکسرسائزز کرانا لازمی قرار دیا گیا تاکہ طلبہ، عملہ اور والدین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔