حسن علی: پنجاب حکومت نے فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق مسودہ قانون واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسودہ قانون کو پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر 110 کے تحت واپس لیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ مسودہ قانون میں ضروری اصلاحات کے بعد اسے دوبارہ ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025 میں نئی شقیں شامل کی جائیں گی، جن میں اداکاروں اور فلم سازوں کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا اور یہ بل گزشتہ سال دسمبر میں پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ مجوزہ ترامیم کے بعد قانون کو مزید جامع اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ صوبے میں فلمی صنعت کو ترقی دی جا سکے۔