وزیر اعلیٰ پنجاب کا بادشاہی مسجد اورمزار اقبالؒ کا دورہ، تین بڑے پراجیکٹس کا افتتاح کردیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ بادشاہی مسجد اورمزار اقبالؒ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسہ کیلئے نئے میوزیم اور مزار اقبالؒ کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ 
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ لاہور فورٹ   کیفے کابھی افتتاح کیا، محسن نقوی نے تبرکات مقدسہ کے لئے بنائے جانے والے نئے میوزیم کے معیار کو سراہا، وزیراعلی محسن نقوی نے تبرکات مقدسہ رکھنے کے لئے نئے اور خوبصورت شو کیسز کا معائنہ کیا۔ 
وزیراعلیٰ نے نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کی منتقلی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عظیم ہستیوں سے منسوب تبرکات کو بہترین جگہ پر محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کو بہترین انداز سے علیحدہ محفوظ رکھا جائے گا۔ 
مزار اقبال ؒکے بیرونی احاطے میں نئی ٹائلز اور ماربل لگانے اور اندرونی حصے کی تزئین وآرائش کا کام مکمل ہوگیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار اقبالؒ کی تعمیر وبحالی اور اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا، انہوں نے صوبائی وزراء کے ہمراہ مزار اقبالؒ پر حاضری دی اوردعا کی۔ 
 وزیراعلیٰ محسن نقوی مزار اقبالؒ پر حاضری کیلئے عقبی دروازہ استعمال کرنے کے ایس او پیزتیار کرنے کی ہدایت کی۔ شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ لاہور فورٹ   کیفے کا قیام سے سیاح لطف اندوز ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر، مشیر وہاب ریاض،چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ بورڈ، خطیب بادشاہی مسجد عبدالخبیر آزاد، آئی جی پولیس، والڈ سٹی اتھارٹی کے سربراہ کامران لاشاری، سیکرٹری اوقاف، سی سی پی او،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔