مریم نواز ای سی ایل کیس، اٹارنی جنرل عدالتی معاونت کیلئے طلب

مریم نواز ای سی ایل کیس، اٹارنی جنرل عدالتی معاونت کیلئے طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (ملک اشرف)  لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت، عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر  مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی، لیگی رہنمامریم نواز کی طرف سے امجد پرویز ، اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ، نیب کی طرف سے سپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل رضا بخاری اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان اور ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ عدالت میں پیش ہوئے۔

 جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ ہم چاہتے ہیں کہ مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل ہماری معاونت کریں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان بولے ویسے تو حکومت کا موقف آ چکا ہے، جسٹس علی باقر نجفی نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ اٹارنی جنرل پاکستان عدالت کی معاونت کریں، اگر وہ خود نہیں آسکتے تو ہم آرڈر کر کے بلوا لیں گے۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ  پنجاب حکومت نے نواز شریف کی 8 ہفتوں کی توسیع کو مسترد کر دیا ہے تو یہ درخواست غیر موثر ہو جائے گی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 1 ہفتے کیلئے ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔

مریم نواز کی درخواست میں وزارت داخلہ، چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز کو 4 یا 6 ہفتوں کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔    

Sughra Afzal

Content Writer