ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (کومل اسلم، عامر بھٹی،عائمہ خان)  بلوچستان ، خیبر پختونخوا ،   پنجاب ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی  اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض مقا مات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

 شہر   لاہور کا موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود  اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 20 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 185ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ایس قونصلیٹ 246،سید مراتب علی روڈپر آلودگی کی شرح 191ریکارڈ    کی گئی ہے۔ کل سے 29اپریل تک شہر میں بارش برسانے والے سسٹم کی انٹری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 

  ملتان میں آج مطلع ابر آلو د رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی ملتان میں آج تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ملتان میں درجہ حرارت36ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔  کم سے کم درجہ حرارت25ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کاتناسب41فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح58ریکارڈ کی گئی  ہے۔

 کراچی کا موسم مطلع صاف ، تیز دھوپ کا راج ہے، ماہرین کے مطابق دن کے اوقات میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری ریکارڈ  کیا گیا جبکہ  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا مکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔ شہر میں مغربی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 22 ویں نمبر پر آ گیا جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 88 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ   ہے۔

 دوسری جانب مغربی ہواؤں کے زیر اثر بلوچستان کے علاقےچاغی میں بارش سے کئی کچے مکانات گر گئے۔ کوہلو اور خاران شہر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔

 محکمہ موسمیات کی کل سے 29 اپریل کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلیات،کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی ہے۔  بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
 

Ansa Awais

Content Writer