سابق وزیراعظم ہسپتال سے جیل منتقل

سابق وزیراعظم ہسپتال سے جیل منتقل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) ضمانت نہیں تو علاج بھی نہیں، سابق وزیراعظم کا انجیوگرافی سے انکار، نوازشریف کا جناح ہسپتال سے جیل منتقل کئے جانے پر اصرار، محکمہ داخلہ کے حکم پر سابق وزیراعظم کو جیل منتقل کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ضمانت منسوخ ہونے کے بعد جناح ہسپتال میں مزید علاج کروانے سے بھی انکار کردیا۔ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف تقریبا 11 دن کے بعد جناح ہسپتال سے کوٹ لکھپت روانہ ہوگئے۔ جناح ہسپتال سے روانگی کے وقت سابق وزیراعظم کے ہمراہ ان کی بیٹی مریم نواز بھی نم آنکھوں کے ساتھ وارڈ سے نیچے تک آئی، میاں نوازشریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کو گلے لگایا اور گاڑی میں بیٹھ گئے۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو ہسپتال سے جیل لے کرجانے والی گاڑی میں ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی بیٹھی تاہم بعدازاں وہ اپنی گاڑی میں ہسپتال سے رائیونڈ روانہ ہوگئی اب یہ معمہ ہے کہ وہ گاڑی سے خود اتری یا انہیں اتارا گیا۔۔۔؟

مریم نواز جناح ہسپتال پہنچی تو سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے ضمانت منسوخ ہونے کے سوال کا جواب دینے سے گریز ہی کیا۔

قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف بھی اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف کی عیادت کے لیے جناح ہسپتال پہنچے، انہوں نے کہا کہ عدالت کا احترام کرتے ہیں، تفصیلی فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) قانون کے مطابق اگلا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کو بغیرعلاج ہسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا، انجیوگرافی پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر کرنی ہوتی تو جب پی آئی سی لے کر گئےتھے اس وقت کر دیتے۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی جناح ہسپتال سے کوٹ لکھپت جیل روانگی کے وقت لیگی کارکنان میاں نوازشریف کے حق میں نعرے بازی بھی کرتےرہے۔