آج بابائے قوم کا 147 واں یومِ پیدائش ہے

Mohammad Ali Jinah, Quiad e Azam, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: آج  بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یوم پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کی شکل میں  پاکستان کا  تحفہ دینے والے ویژنری سیاست دان اور قانون دان  قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔

قوم آج عقیدت و احترام سے ان کا یوم پیدائش منا رہی ہے۔

آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس توپوں  کی سلامی سے ہو گا  اور صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا اور اس کے بعد کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی تقریب ہوگی۔

سینئر حکام مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اوربابائے قوم کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ یوم قائد کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ کیک کاٹنے کی تقریبات ہوں گی اور باہمی اتحاد و یگانگت کے ساتھ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے بابائے قوم کی تعلیمات اور زریں اقوال پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ان تقریبات کا مقصد نوجوانوں کو قائد اعظم کے وژن اور پاکستان کے نظریہ سے آگاہ کرنا ہوگا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا147 واں یوم پیدائش پیر 25 دسمبر کو ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ اتحاد، ایمان اور یقین محکم کے اصولوں پر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے عزم کے ساتھ منایا جائے گا، ملک بھر میں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں، مشنز میں یوم قائد کی مناسبت سے تقریبات ہوں گی۔

سیمینارز اور مباحثوں کی تقریبات کے لئے پروگرام مرتب کر لئے گئے ہیں ، جن کا مقصد جناح کے اتحاد ، عقیدے اور نظم و ضبط کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے ان پر گامزن ہوناہے۔اخبارات، جرائد، رسائل میں خصوصی ایڈیشن شائع ہوں گے جبکہ سرکاری اور نجی ٹیلی ویژن پروگراموں اورنشریاتی اداروں پرقائد اعظم کے یوم پیدائش کی تقریبات کو بڑے پیمانے پر کوریج دی جائے گی جبکہ خصوصی پروگرام اور دستاویزی نشریات نشر کی جائیں گی ۔ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سرکاری اور نجی سطح پر مباحثوں اور تقریری مقابلوں کا انعقاد ہو گا۔