سٹی 42: پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان پانچویں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور کوپن ہیگن میں منعقد ہوا، جس میں سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری یورپ، سفیر عائشہ علی جبکہ ڈنمارک کے وفد کی قیادت اسٹیٹ سیکریٹری برائے تجارت و سرمایہ کاری سفیر سوزین ہائڈلنڈ نے کی۔ مذاکرات میں گرین ٹرانزیشن، توانائی، عوامی روابط، قونصلر امور اور کثیرالجہتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق تجارت و سرمایہ کاری کے روابط بڑھانے اور کاروباری سطح پر روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈنمارک کی کمپنیوں کی قابلِ تجدید توانائی، آئی ٹی، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، پورٹ سہولیات، کان کنی و معدنیات، ماہی گیری اور پائیدار مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
پاکستان نے گرین فریم ورک انگیجمنٹ ایگریمنٹ کے تحت ڈنمارک کے تعاون کو سراہا، جبکہ اسٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن کے تحت فیصل آباد ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں ڈنمارک کے تعاون کی بھی تعریف کی گئی مذاکرات میں عوامی روابط کے فروغ، ویزا اور قونصلر امور، ماہرین و کاروباری افراد کی نقل و حرکت اور براہ راست پروازوں کے ذریعے فضائی رابطوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ممالک نے سلامتی کونسل کی 2025-26 کی مدت میں بیک وقت رکنیت کے دوران باہمی تعاون کا جائزہ لیا، جبکہ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا جبکہ پاکستان اور ڈنمارک نے دوطرفہ روابط کا تسلسل برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں ہوگا۔