علی ساہی: کوڑا ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور ستھرا پنجاب اتھارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ معاہدے کے تحت ایکسائز ڈیپارٹمنٹ مالی سال 2026-27 سے شہری علاقوں میں صفائی فیس وصول کرے گا۔
معاہدے کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس اور صفائی فیس کا مشترکہ سالانہ بل جاری کرنے کا مجاز ہوگا، جبکہ فیس وصولی کے لیے جامع کنزیومر ڈیٹا بیس بھی قائم کیا جائے گا۔ ڈیٹا بیس میں ہر صارف کو منفرد شناختی نمبر جاری کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت صارفین کا سروے، ڈپلیکیٹ ریکارڈ کا خاتمہ اور نئے صارفین کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی۔ معاہدے میں فیس وصولی اور دیگر امور کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مخصوص اہداف بھی مقرر کیے گئے ہیں۔
معاہدے کے تحت ایک فیصد وصولی چارجز پہلے صوبائی خزانے میں جمع کرائے جائیں گے، جس کے بعد فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ رقم ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو جاری کی جائے گی۔
آڈٹ اور معائنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی، آڈیٹر جنرل اور دیگر مجاز حکام کو مکمل اختیار حاصل ہوگا۔ معاہدے کے مطابق سروے، ڈیٹا، بلنگ اور وصولی سمیت تمام متعلقہ ریکارڈ حکومت کی ملکیت تصور کیے جائیں گے۔
اس پورے نظام کی نگرانی ستھرا پنجاب اتھارٹی کرے گی، جبکہ معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں سروس پروائیڈر تمام ڈیٹا اتھارٹی کے حوالے کرنے کا پابند ہوگا۔
کسی بھی تنازع کی صورت میں معاملہ ابتدائی طور پر مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کو بھجوایا جائے گا، جس میں محکمہ بلدیات، ایکسائز اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی سے معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں اسے فنانس سیکرٹری کو بھجوایا جائے گا۔
معاہدہ صوبائی کابینہ کے اگلے فیصلے تک نافذ العمل رہے گا۔
معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز محمد عمر شیر چٹھہ اور ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب عمر جاوید نے دستخط کیے، جبکہ محمد رضوان الحق، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹرز، اور احمد سعید، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ٹیکسیشن، بطور گواہ موجود تھے۔
معاہدے کو پنجاب میں صفائی کے نظام اور صفائی فیس کی وصولی کے طریقہ کار کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کی جانب اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ اب کوڑا ٹیکس بھی، 2026-27 سے ایکسائز شہریوں سے صفائی فیس وصول کرے گا۔