علی رامے: پنجاب میں یونین کونسل ملازمین کے نئے سروس رولز 2026 منظور کر لیے گئے ہیں، جن کے تحت یونین کونسل سیکرٹری اور نائب قاصد کی تمام نئی بھرتیاں یکمشت تنخواہ پر ہوں گی۔
دستاویزات کے مطابق نئے یونین کونسل ملازمین کو بنیادی پے سکیل اور پنشن کی سہولت حاصل نہیں ہوگی۔ سیکرٹری یونین کونسل کی بھرتی کے لیے کم از کم سیکنڈ ڈویژن گریجویشن لازم قرار دی گئی ہے۔
آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، پبلک ایڈمنسٹریشن، بزنس ایڈمنسٹریشن، اکاؤنٹنگ، انتظامی اور ریاضیاتی علوم میں گریجویشن رکھنے والے امیدوار بھرتی کے اہل ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق پہلے سے پے سکیل پر کام کرنے والے ملازمین ریٹائرمنٹ تک موجودہ مراعات کے ساتھ برقرار رہیں گے، جبکہ ان کی آسامیاں بتدریج ختم ہونے والے کیڈر میں شامل ہوں گی۔
محکمہ خزانہ نے نئے سروس رولز کی حمایت کی ہے جبکہ محکمہ قانون نے مسودے کی جانچ مکمل کر لی ہے۔ نئے قواعد کے ذریعے یونین کونسل ملازمین کی بھرتی اور ملازمت کی شرائط کو قانونی شکل دی جائے گی۔