(ملک رحمان)خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر بارودی مواد کے دھماکے میں ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پولیس چیک پوسٹ پر بارودی مواد کے پلے دھماکے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے، ایس پی آپریشن اسدزبیر کے پہنچنے پر دوسرا دھماکا ہوا۔
تھانہ بلیامینہ کی حدود میں غلمینہ چیک پوسٹ کونامعلوم افراد نے بارودی مواد سے اڑایا، پولیس کی نفری موقع پر پہنچ کر تحقیقات کررہی ہے۔
دوسری جانب خیبر میں دہشت گردوں نے زیڑئی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم چیک پوسٹ رات کو خالی کیا جاتاہے اسلئے جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے شدید فائرنگ بھی کی، چیک پوسٹ تھانہ حدود لنڈیکوتل میں پاک افغان شاہراہ پر واقع ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہنگو میں دھماکے کی پرزور مذمت،جام شہادت نوش کرنے والے ایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایس پی اسد زبیر اور دونوں اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید ایس پی اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،کے پی کے پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔