ویب ڈیسک: لاہور ہائی کورٹ نے بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف کیخلاف دائر مختلف مقدمات کو یکجا کرنے سے متعلق درخواست سماعت کیلئے بحال کر دی۔ عدالت نے عدم پیروی پر مسترد کی گئی درخواست کی بحالی سے متعلق متفرق درخواست منظور کرلی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی نمائندگی سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کی۔درخواستگزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر اصل درخواست عدم پیروی کے باعث خارج ہوئی تھی، جسے بحال کیا جانا ضروری ہے تاکہ تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی کارروائی آگے بڑھ سکے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے عدم پیروی پر خارج ہونیوالی اصل درخواست بحال کر دی۔