راو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چاند رات اور عیدالاضحیٰ کے ایام میں صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے عید اجتماعات میں میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب لازمی قرار دی ہے جبکہ ہدایت نامے کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کو علما کرام سے ملاقات کرنے اور انہیں عید کے موقع پر سکیورٹی اور صفائی انتظامات پر بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات، چاند رات پر مارکیٹوں میں پولیس پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس کی تعیناتی کا حکم دینے کے ساتھ سیف سٹی سسٹم کے تحت رئیل ٹائم مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کو کھالیں اکٹھی کرنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ڈی پی اوز خود فیلڈ میں جا کر پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 38 ہزار 507 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ون ویلنگ، ہلڑبازی اور اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے اور جانوروں کی باقیات پھینکنے پر بھی پابندی ہوگی۔