وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے  قیدیوں کی فلاح و بہبود  کیلئے جیل اصلاحات میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت جیل اصلاحات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا،جس میں عبدالعلیم خان، خواجہ سلمان رفیق، علی رضا، عنیزہ فاطمہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، آئی جی جیل خانہ جات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پریزنرز رولز (Prisoners Rules )میں ترامیم کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز  نے کہا کہ قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو بھی ان کا جائز حق دیں گے، پریزنرزرولز کو آسان بنائیں تا کہ قیدیوں کو بنیادی سہولتیں مل سکیں، فرسودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ، آپ سب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ رولزقیدیوں کیلئے ہیں، قیدی رولز کیلئے نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے فیصلے کریں جس سے قیدیوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں، جیلوں میں قیدیوں کے لئے کھیلوں کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں، بیرکس میں ائیرکولرزلگانے کے کام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، جیلوں میں بوسیدہ بلڈنگزکی تعمیر و مرمت کا جامع پلان تیار کیا جائے،  7 روز کے اندر جیل ریفارمز کے حوالے سے حتمی تجاویز پیش کی جائیں، بہت میٹنگز ہو چکی ہیں ، اب فیصلے کر کے قیدیوں کو ریلیف دینے کا وقت ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے کھانے کے لئے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملے کے ذریعے کھانے کی کوالٹی کو باقاعدہ چیک کیا جائے، جیلوں میں فیملی رومز کے استعمال کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں، جیل ہسپتالوں میں ضروری مشینری اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے.