(ویب ڈیسک) بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان کیلئے اس بار کی عید الفطر خوشیوں کے بجائے بھاری دل اور آنکھوں میں آنسو لے کر گزری ہے۔ بالی ووڈ اداکارسلمان خان کے ساتھ فلم’’ویر‘‘سے ڈیبیو کرنے والی اداکار زرین کچھ وقت سے بڑی سکرین سے دور ہیں، لیکن وہ اکثر سوشل میڈیا پر وہ اپنی بے باک رائے اور ذاتی زندگی کے اتار چڑھاؤ کو شیئر کرتی رہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عید پر انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کر کے بتایا کہ ان کا دل بالکل بھی جشن منانے کے لیے نہیں ہے۔ ایک طرف انکی والدہ کی صحت بہت نازک ہے اور وہ طویل عرصے تک آئی سی یو میں رہنے کے بعد گھر واپس تو آ گئی ہیں، لیکن بہت کم بہتری آئی ہے تو دوسری طرف، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور اس میں بے گناہ معصوموں کی جانوں کے ضیاع کی خبریں انہیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا ہے۔زرین نے اپنے ویڈیو میں بہت ہی جذباتی ہو کر کہا کہ دنیا میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے، اس سے ہر انسان کو فرق پڑنا چاہیے۔ انہوں نے ان لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو کہتے ہیں کہ دور ممالک میں ہونے والی اموات سے ہمیں کیا لینا دینا۔

اداکارہ کا ماننا ہے کہ یہ کسی خاص مذہب کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ انسانیت کا سوال ہے۔ زرین نے کہا کہ 'چاہے وہ لوگ ہم سے جغرافیائی طور پر دور ہوں، لیکن جو معصوم مارے جا رہے ہیں، وہ ہمارے اپنے ہی ہیں۔ اگر ہمیں دوسروں کے درد سے فرق نہیں پڑتا، تو سمجھ لیں کہ ہمارے اندر سے انسانیت ختم ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دکھی دل کے ساتھ تھوڑی بہت تیاری کے باوجود ان کے چہرے پر دنیا کے حالات اور اپنی والدہ کی بیماری کا درد صاف جھلک رہا تھا،ذاتی زندگی میں بھی زرین اس وقت ایک بہت مشکل دور سے گزر رہی ہیں۔ گھر کی بڑی بیٹی ہونے کے ناطے ان پر اپنی بیمار والدہ اور چھوٹی بہن کی مکمل ذمہ داری ہے۔انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بہت ہمت بھری بات کہی تھی کہ ان کے پاس 'ٹوٹنے' یا 'ہار ماننے' کا کوئی آپشن نہیں ہے، کیونکہ ان کے خاندان کا پورا سہارا وہی ہیں۔ زرین خان کا یہ پیغام نہ صرف عالمی امن کی اپیل کرتا ہے، بلکہ ایک مضبوط خاتون کے جدوجہد کو بھی دکھاتا ہے جو دنیا کے غم اور گھر کی پریشانیوں کو اکیلے اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے۔ ان کے مداح اس مشکل وقت میں ان کے اور ان کی والدہ کے لیے مسلسل دعائیں کر رہے ہیں۔