سٹی 42 : ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ با لا ئی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، تاہم گلگت بلتستان اوربالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
منگل کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، تاہم چند مقامات پر گرج چمک اورہلکی بارش/ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران جنوبی اضلاع بعض مقامات پر ژا لہ باری جبکہ با لا ئی اضلاع میں چند مقامات پر درمیا نی سے تیز بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ دن کے دوران گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم ،چکوال، میانوالی ، بھکر، لیہ ، ڈیرہ غا زی خان اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ مری،گلیات اور گردونوا ح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ گرج چمک اورہلکی بارش/ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعداز دوپہر بالائی اضلاع میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔