سٹی 42 :ضلع ناٹک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کی جانب سے بزدلانہ حملہ کیا گیا، بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی گئی، حملے میں 15 بہادر سپوت شہید ہوئے ۔ سکیورٹی فورسز کے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 خوارج جہنم واصل کردیئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 23 اور 24 جولائی 2026 کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الخوارج کے خوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا۔حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کے بروقت، مستعد اور فیصلہ کن ردعمل نے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، جوانوں نے غیر متزلزل جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔
مایوسی کے عالم میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، دھماکے کے شدید اثرات سے چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا،حملے میں 15 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں 12 فوجی، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں چلنے والے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن "عزمِ استحکام" کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔پاکستان سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ہمارے بہادر جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔