ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آج شام و رات سے 27 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

آج شام و رات سے 27 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : محکمہ موسمیات نے سندھ سمیت جنوبی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ، 24 جولائی کی شام و رات سے 27 جولائی تک مزید بارشوں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں 24 جولائی کی شام و رات سے 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان، کراچی میں 25 اور 26 جولائی کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔ 

کشمیر کے مختلف علاقوں میں 24 جولائی کی شام و رات سے 28 جولائی تک تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال، میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 

ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خان پور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں 24 جولائی کی شام و رات سے 26 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 24 جولائی کی شام و رات سے 27 جولائی تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 24 جولائی کی شام و رات سے 26 جولائی تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اور 25 جولائی کے دوران لاہور اور گوجرانوالہ میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے، 24 سے 26 جولائی کے دوران بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔ بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں بھی شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔ 

دوسری جانب موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی سے کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ 

سیاحوں اور مسافروں کو پیشگوئی کے دوران احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ۔