ملک اشرف : لیبر کورٹ کا محکمہ انہار کے سویپر سمیت دیگر ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ، عدالت نے لیبر کورٹ کا ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ معطل کردیا ، ہائیکورٹ نے لیبر کورٹ کی جانب سے کی جانیوالی توہین عدالت کی کارروائی بھی تاحکم ثانی روک دی ۔
جسٹس خالد اسحاق نے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ، پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خواجہ محسن عباس پیش ہوئے اور بتایا کہ لیبر کورٹ نے محکمہ انہار کے ڈیلی ویجز سویپر عاقب جنید مسیح سمیت دیگر ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیا ، لیبر کورٹ کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت نے لیبر اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کررکھی ہے، چیئرمین اپیلیٹ ٹربیونل کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے وہاں اپیل پر تاحال سماعت نہیں ہوسکی ، اب لیبر کورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی شروع کردی ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ لیبر کورٹ کا ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ،مزید استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک لیبر کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے ، عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی ۔