(ریحان گل) خصوصی افراد کونوکریوں کی فراہمی کےلیےاہم اقدام، ڈس ایبل پرسن ایمپلائمنٹ ایکٹ1981 میں ترمیم کرنےکا فیصلہ، پرائیوٹ سیکٹرمیں خصوصی افراد کو نوکریاں نہ دینے والوں کےخلاف کارروائی کی جائےگی۔
پنجاب حکومت کی جانب سےخصوصی افراد کونوکریاں دینے پرکام کیا جا رہا ہے تاہم سرکاری محکموں میں معاملات سست روی کا شکار ہونے پر نابینا افراد وقتاً فوقتاً احتجاج کرتے ہیں جس پر پنجاب حکومت نےنجی اداروں میں بھی خصوصی افراد کےکوٹےپر عملدرآمد کرانےکا فیصلہ کیا ہے.
اس مقصد کےلیےپنجاب ڈس ایبل ایمپلائمنٹ ایکٹ1981 میں ترمیم کی جائے گی، ترمیم کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئرکونجی اداروں کی انسپکشن کےاختیارات تفویض کیےجائیں گے، سوشل ویلفیئرمیں انسپکٹوریٹ اوراپیلٹ ٹربیونل بنائےجائیں گے. تحصیل اور ضلع کی سطح پرانسپکٹرز اورڈپٹی انسپکٹرزتعینات کیےجائیں گے. مذکورہ افسران نجی اداروں میں3فیصد کوٹہ پرعملدرآمد یقینی بنانےکےلیےاقدامات کریں گے، محکمہ سوشل ویلفیئرکی جانب سے مذکورہ ترامیم منظوری کے لیےجلد ہی کابینہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔