ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بعض میدانی علاقوں میں دھند جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور میں آج صبح سورج نکلنے سے موسم خوشگوار محسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے جبکہ 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی اور بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 162 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں برکی روڈ پر آلودگی کی شرح 266، سول سیکرٹریٹ میں 244، کینٹ میں 217، عسکری ٹین میں 181، گلبرگ ٹو میں 180، بیدیاں روڈ پر 168، اقبال ٹاؤن میں 149 اور ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 147 ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع جن میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، کوٹ ادو، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں، وہاں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، بینظیرآباد، موہنجوداڑو اور گرد و نواح میں دھند کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں دو فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ مظفرآباد کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 8، گوپس میں منفی 4، کالام اور کوئٹہ میں منفی 3، قلات میں منفی 2 اور مالم جبہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں دھند چھائی رہ سکتی ہے۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو سردی اور دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔