سٹی 42 : سٹیٹ بینک نے خواتین کو خوشخبری سنادی ۔ خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ روپے تک قرض لے سکتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سیما کامل کا کہنا تھا کہ خواتین محدود وسائل میں گھر چلاتی ہیں اور گھر سے ملک چلتا ہے۔خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں ’’ آسان اکاؤنٹ‘‘ کھول سکتی ہیں، آسان اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ پر کھولا جا سکتا ہے، اکاؤنٹ کھولنے کے کوئی چارجز نہیں اور کم از کم رقم رکھنے کی بھی کوئی شرط نہیں ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آسان اکاؤنٹ میں ماہانہ 5 لاکھ روپے کی رقم جمع اور نکالی جا سکتی ہے، 5 لاکھ سے زائد کاروبار کی صورت میں آمدنی کا ثبوت دینا ہو گا۔ آسان اکاؤنٹ سب کے لیے ہے، طلباء بھی کھول سکتے ہیں، آسان اکاؤنٹ پر منافع بھی ملتا ہے۔ ملک میں خواتین کے اکاؤنٹ 18 فیصد اور مردوں کے 51 فیصد اکاؤنٹ ہیں، بینکوں سے تعلیم، شادی اور گھر کی تعمیر پر لون ملتا ہے، لیکن خواتین کو علم ہی نہیں ہے، خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ تک لون لے سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کامیاب جوان اسکیم سے خواتین 10 لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، کامیاب جوان اسکیم پروگرام میں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔ خواتین کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے فنانشنل لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا ہے، پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی جس میں 50 فیصد خواتین ہوں گی۔ زراعت کی ترقی میں خواتین کا بڑا حصہ ہے، خواتین کی بڑی تعداد زراعت سے وابستہ ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں تین ماہ میں 60 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔