عابد چودھری:لاہور میں ٹارگٹ کلنگ اور جرائم پیشہ عناصر سے مبینہ روابط کے الزام میں زیر حراست دو پولیس اہلکاروں سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست اہلکار مبینہ طور پر سٹریٹ کرائم میں ملوث مرکزی ٹارگٹ کلر ریحان کی پشت پناہی کرتے تھے۔ ملزم ریحان میٹرو بس میں موبائل فون چوری اور سنیچنگ کی وارداتیں کرتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس اہلکار مبینہ طور پر ریحان کی ضمانت پر رہائی اور اس کا کریمنل ریکارڈ ختم کروانے میں مدد فراہم کرتے رہے۔ اہلکار اپنے متعلقہ یونٹس میں اثر و رسوخ اور تعلقات استعمال کرکے ٹارگٹ کلر کو مبینہ طور پر فائدہ پہنچاتے تھے۔
زیر حراست اہلکاروں میں ایک اے ایس آئی کریمنل ریکارڈ برانچ جبکہ دوسرا کانسٹیبل لوئر مال انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان کے موبائل فونز کا فرانزک بھی جاری ہے۔ مزید تحقیقات کے بعد معاملے میں ملوث دیگر افراد کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت متوقع ہے۔