فاران یامین:لاہور میں سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس نے اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقع 200 سے زائد سکولوں کے باہر ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹس اور پٹرولنگ افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اقبال روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ اور کینال روڈ پر بھی اضافی نفری تعینات رہے گی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سکول اور کالج انتظامیہ کے ساتھ میٹنگز کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
سی ٹی او کے مطابق چھٹی کے اوقات میں سکولوں کے باہر صرف ایک لائن میں پارکنگ کی اجازت ہوگی، جبکہ ڈبل لین پارکنگ اور سکول و کالجز کے باہر ریڑھی، ٹھیلے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام بھی ازسرنو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انچارج ایجوکیشن یونٹ کو پروگرام بحال کرنے جبکہ انچارج ڈرائیونگ سکولز کو سکوٹی ٹریننگ پروگرام تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچرز کا شیڈول بھی مرتب کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی دی جاسکے۔