شہباز علی :قومی ٹیم کےوکٹ کیپر بلےبازمحمد رضوان نےکہا ہےکہ کوشش کریں گے دوسری اننگ میں اچھی بیٹنگ کرکے بہتر پوزیشن میں آجائیں۔
ساوتھمپٹن میں تیسرے ٹیسٹ میچ کےتیسرے روز کےکھیل کےاختتام پر ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ آج کی اننگ میں بہت کچھ سیکھا ہے،ابھی کیرئیر کا آغاز ہے،پاکستان کے لئے مزید پرفارم کرناہے ، محمد رضوان نےکہا کہ کپتان اظہرعلی نے بہت ہی شاندار اننگ کھیلی ہے،جس سےان کے اور ٹیم دونوں کےاعتماد میں اضافہ ہوا ہے ، محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کوچنگ سٹاف حقیقی معنوں میں ہر کھلاڑی پرمحنت کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شکست پر سب سےزیادہ کھلاڑی افسردہ ہوتے ہیں،بطور کھلاڑی اپنی ناکامی کا غم چھپا کرآگے بڑھنا ہوتا ہے ، اگرایک دو اچھی پرفارمنسز ہوگئیں اورہم ڈیڑھ سورنز کےقریب لیڈ لینے میں کامیاب ہو گئے تو میچ بہت دلچسپ ہوجائے گا۔
یاد رہے انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔میزبان ٹیم کی جانب سے پاکستان کو فالو آن کرایا گیا اور قومی ٹیم کو پہلی اننگز کے 310 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، پیر کو قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی نے 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نا دے سکا۔
اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 17 ویں سینچری مکمل کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کے 6 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے پاکستانی بلے باز ہیں۔ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 24 رنز 3 وکٹوں پر اننگز کا آغاز کیا تو تجربہ کار اسد شفیق ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور 5 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار ہوگئے جب کہ فواد عالم بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان اظہر علی اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور چھٹی وکٹ پر 138 رنز کی شراکت قائم کی تاہم محمد رضوان 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔