علی ساہی :محکمہ ایکسائز کو رواں مالی سال 125 ارب روپے ٹیکس وصولی کا بڑا ہدف دے دیا گیا ہے، تاہم دفاتر میں بنیادی سہولیات کی کمی برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق موٹر برانچز اور پراپرٹی ٹیکس دفاتر میں کمپیوٹرز کا ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر بوسیدہ ہو چکا ہے، جبکہ سٹاف اور وزٹرز کے لیے فرنیچر بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ نے رواں مالی سال انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 50 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کیے تھے، تاہم حکومت نے کمپیوٹر سسٹم اپ گریڈ کرنے اور فرنیچر کی خریداری کے لیے صرف ساڑھے 3 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث سسٹم کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں ہو سکی، جبکہ 12 سال قبل خریدا گیا کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر اب بوسیدہ ہو چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کمپیوٹرز کی آخری خریداری 2014 میں کی گئی تھی، جبکہ سسٹم اپ گریڈ نہ ہونے کے باعث اکثر ڈاؤن رہتا ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔