اویس کیانی : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی شمولیت اور زرعی شعبے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا، انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اظہار کیا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif met Mr. Bill Gates, Chair of the Gates Foundation on the sidelines of the 81st Session of the United Nations General Assembly (UNGA 2026) Session.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 23, 2026
Recalling Gates Foundation Team’s recent visit to Pakistan earlier this month, the Prime… pic.twitter.com/Q6EA4pPNxT
اس موقع پر بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے، انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی ذاتی رہنمائی کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے قابلِ اعتماد شراکت دار کے کردار کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ زرعی اصلاحات میں جدت، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور ابھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں جانب سے پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران بل گیٹس کے سابقہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔