ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایمیزون ڈرائیورز کیلئے اے آئی گلاسز متعارف

ایمیزون ڈرائیورز کیلئے اے آئی گلاسز متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : ایمیزون نے اپنی ڈلیوری سروس میں ایک نیا ٹیکنالوجی انقلاب برپا کر دیا ہے۔

  کمپنی اب اپنے ڈلیوری ڈرائیورز کو اے آئی سے چلنے والے اسمارٹ گلاسز فراہم کر رہی ہے۔ گلاسز   سے ڈرائیورز موبائل فون کے بجائے ہینڈز فری انداز میں تمام کام انجام دے سکیں گے ، چاہے پیکج اسکین کرنا ہو، پتہ تلاش کرنا ہو، یا ڈیلیوری کی تصدیق کرنا۔

 ایمیزون کا کہنا ہے کہ یہ اے آئی گلاسز ڈرائیورز کو تیز، زیادہ درست اور محفوظ طریقے سے کام کرنے میں مدد دیں گے۔ ان گلاسز میں کیمروں، سینسرز اور جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جو ڈرائیور کو پیکج کی تفصیل، راستے کی ہدایت و دیگر  فوری معلومات دکھاتے ہیں۔

 جیسے ہی ڈلیوری ایسوسی ایٹ کسی مقام پر گاڑی پارک کرتا ہے، یہ گلاسز خود بخود فعال ہو جاتے ہیں۔ ان کی سکرین پر ڈیلیوری کی تمام تفصیلات اور ہدایات ظاہر ہوتی ہیں، تاکہ ڈرائیور کو ہاتھ میں پکڑے فون کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہ پڑے۔

 یہ نظام سب سے پہلے گاڑی کے اندر درست پیکج کی نشاندہی کرتا ہے جو اس مخصوص پتے پر پہنچایا جانا ہے۔ اس کے بعد ایمیزون کے جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کی مدد سے گلاسز ڈرائیور کو عین ڈیلیوری پوائنٹ تک لے جانے کے لیے آنکھوں کے سامنے راستہ دکھاتے ہیں۔

 یہ گلاسز خطرناک یا پیچیدہ علاقوں میں، جیسے بڑی اپارٹمنٹ عمارتیں یا کم روشنی والے راستے میں ممکنہ رکاوٹوں اور خطرات کی وارننگ بھی دیتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ گلاسز ڈلیوری ویسٹ سے منسلک ایک کنٹرول یونٹ سے جڑے ہیں، جس میں ریچارج ایبل بیٹری، آپریشنل کنٹرولز اور ایمرجنسی بٹن شامل ہیں۔

  ایمیزون کا کہنا ہے کہ یہ گلاسز پریسکرپشن لینسز اور فوٹوکرومک لینسز (جو روشنی کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرتے ہیں) کے ساتھ بھی دستیاب ہوں گے۔ یہ جدید گلاسز اس وقت شمالی امریکہ میں آزمائشی بنیادوں پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔

  ایمیزون کا کہنا ہے کہ وہ اس پائلٹ فیز میں نظام کی درستگی، آرام دہ ڈیزائن اور اے آئی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈرائیورز سے رائے حاصل کر رہا ہے۔