ویب ڈیسک: پیٹرولیم مصنوعات کے بعد مختلف صنعتی اور سفری ایندھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مٹی کے تیل، لائٹ ڈیزل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 71 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 313 روپے 44 پیسے مقرر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 311 روپے 73 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 62 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 275 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، جو پہلے 273 روپے 92 پیسے تھی۔
دوسری جانب ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جیٹ فیول دو روپے 10 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 332 روپے 32 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ اس کی سابقہ قیمت 330 روپے 22 پیسے تھی۔