عابد چودھری:کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 13 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائیاں لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، جھنگ اور دیگر علاقوں میں کی گئیں۔ لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد مختار کو بھی گرفتار کیا گیا، جس کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ممنوعہ اسٹیکرز، کالعدم لٹریچر، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تمام گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔