راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی کے فول پروف انتظامات کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ممنوعہ مقامات پر جانوروں کی آلائشیں اور باقیات پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں باقیات کو گلی محلوں، ڈرینز، کینالوں اور دیگر ممنوعہ مقامات پر پھینکنے کی روک تھام کیلئے خصوصی ویجلینس اسکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ عوامی آگاہی کیلئے جامع ابلاغی مہم بھی چلانے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہر شہر میں ڈرینز، کینالوں، شاہراہوں، چوراہوں اور قبرستانوں کی خصوصی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران “ون گورنمنٹ یونٹ” کے طور پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، ریلوے کالونیوں اور کنٹونمنٹ علاقوں میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 176 ہزار سینیٹری ورکرز اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن عید صفائی آپریشن میں حصہ لیں گے۔
بریفنگ کے مطابق جانوروں کی آلائشوں کیلئے 3800 پرائمری کولیکشن سینٹرز، 3100 ڈمپنگ سائٹس اور مجموعی طور پر 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ 4500 خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ اجتماعی قربانی کیلئے 1200 قربان گاہوں پر خصوصی صفائی انتظامات ہوں گے۔
عید صفائی آپریشن کے دوران 40 ہزار سے زائد اضافی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی، جن میں لوڈر رکشے، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالیاں اور پک اپ گاڑیاں شامل ہوں گی۔ میونسپل کارپوریشنز اور تحصیلوں میں اضافی لوڈر رکشے فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نمازِ عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا، جبکہ “ستھرا پنجاب” ٹیمیں عید سے قبل اور عید کے تینوں دن متحرک رہیں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، واسا اور میونسپل کارپوریشن دفاتر میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے، جبکہ صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے 11 مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔